*
*یونین قائدین نے رکن کونسل کویتا سے ملاقات کرتے ہوئے تائیدی مکتوب حوالہ کیا*
حیدرآباد۔ 4؍مارچ ( )
اردو ٹیچرس اسوسی ایشن تلنگانہ اسٹیٹ (UTA-TS) کے قائدین نے آج ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں پارٹی کی تائید کا اعلان کیا۔ یونین قائدین جن میں یونین کے ریاستی صدر خواجہ قطب الدین، جنرل سکریٹری محمد شکیل احمد، محمد غلام دستگیر صدر
رنگاریڈی, محمد عارف صدر وقار آباد, محمد عبدالحلیم نائب صدر, محمد ناظر خازن و دیگر شامل تھے نے رکن کونسل کو اس ضمن میں ایک تائیدی مکتوب حوالہ کیا۔ اس موقع پر یونین قائدین نے اردو ٹیچرس، اسکولس اور طلباء کو درپیش مسائل سے بھی رکن کونسل کو واقف کروایا۔ رکن کونسل نے ان کے مسائل کی بغور سماعت کی اور عاجلانہ یکسوئی کاتیقن دیا۔ یونین نے محترمہ کویتا کو حوالہ کئے گئے میمورنڈم میں انہوں نے بتایا کہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ریاست میں اردو اسکولس، ٹیچرس اور طلباء کے بہبود کیلئے کام کررہی ہے اور یونین سے تاحال 7 ہزار سے زیادہ اساتذہ جڑے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونین تشکیل تلنگانہ کی جدوجہد میں پیش پیش رہی اور تلنگانہ ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی (TTJAC) سے مل کر جدوجہد تلنگانہ میں حصہ لیا۔ انہوں نے رکن کونسل سے درخواست کی کہ وہ اردو ٹیچرس ، اسکولس اور طلباء کے مسائل حل کرنے توجہ دیں محکمہ تعلیم سے اس ضمن میں نمائندگی کریں جس پر رکن کونسل نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ یونین نے 14 مارچ کو منعقد شدنی گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کی دونوں نشستوں پر ٹی آر ایس امیدوار وانی دیوی اور پلا راجیشور ریڈی کی تائید کا اعلان کیا اور انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔